2 فروری 2026 - 11:17
مآخذ: ابنا
اقوامِ متحدہ سے تعلق یمنی خودمختاری اور قوانین کے احترام سے مشروط:یمنی وزارت خارجہ 

یمن کی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ساتھ تعلقات کا دارومدار یمن کی خودمختاری کے احترام اور ملکی قوانین کی پابندی پر ہے۔

اہل بیت بیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ساتھ تعلقات کا دارومدار یمن کی خودمختاری کے احترام اور ملکی قوانین کی پابندی پر ہے۔

خبر رساں ادارے المسیرہ کے مطابق، نائب وزیر خارجہ عبدالواحد ابو راس نے یمن میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کے دفتر کے ڈائریکٹر محمد الغنام سے ملاقات کے دوران یمن میں جامع اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اس دفتر کی کوششوں کو سراہا۔

ابو راس نے اس بات پر زور دیا کہ صنعاء، اقوامِ متحدہ کے ساتھ ایسے صحت مند تعلقات کا خواہاں ہے جو یمن کی خودمختاری، استحکام اور سلامتی کے احترام اور اس کے قومی قوانین کی پابندی پر مبنی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یمن کی وزارتِ خارجہ ملک میں سرگرم انسانی تنظیموں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنے انسانی فرائض انجام دے سکیں اور یمنی عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے، جو مسلسل جارحیت، محاصرے اور یمن کے خلاف دشمنانہ پالیسیوں کے باعث شدید انسانی بحران کا شکار ہیں۔

دوسری جانب، محمد الغنام نے نائب وزیر خارجہ کو قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق تازہ پیش رفت اور اس انسانی معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے کے دفتر کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کا بھی حوالہ دیا جو الحدیدہ معاہدے کی حمایت کے لیے اقوامِ متحدہ کے مشن (UNMHA) سے متعلق ہے، اور اس سلسلے میں خصوصی نمائندے کے دفتر کو سونپی گئی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha